ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش ،راجستھان کے بعد اب گجرات میں بھی ’پدماوتی‘پر پابندی

مدھیہ پردیش ،راجستھان کے بعد اب گجرات میں بھی ’پدماوتی‘پر پابندی

Thu, 23 Nov 2017 00:10:19    S.O. News Service

احمد آباد،22؍ نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سنجے لیلا بھنسالی کی ’پدماوتی‘ فلم پر جاری تنازعہ اور سیاست مسلسل جاری ہے۔کئی ریاستوں میں ’پدماوتی‘ پر گرہن لگنے کے بعد اب گجرات میں بھی اس فلم پر گرہن لگ گیا ہے۔بی جے پی حکومت ریاست راجستھان اور مدھیہ پردیش کے بعد اب اسمبلی انتخابات والے ریاست گجرات میں بھی فلم ’پدماوتی‘ پر پابندی لگادی ہے۔

گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے کہا کہ گجرات حکومت راجپوتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی فلم’پدماوتی‘کو ریاست میں ریلیز کی اجازت نہیں دے سکتی۔ہم اس کی تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دے سکتے۔ہم اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، مگر ہماری عظیم ثقافت کے ساتھ کسی بھی طرح کا کھلواڑ برداشت نہیں کیا جاتا ہے۔

بتا دیں کہ ’پدماوتی‘ فلم 190کروڑ کی فلم ہے، جس کا پورے ملک میں کرنی سینا کی جانب سے مخالفت ہو رہی ہے۔کرنی سینا کا کہنا ہے کہ پدمینی 13ویں صدی کی ویر راجپوت یودھا رانی تھیں۔کرنی سینا کا الزام ہے کہ فلم میں دہلی کے سلطان علاء الدین خلجی اور رانی پدماوتی کے درمیان رومانس کو دکھایا گیا ہے جو تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہے۔راجہ کے مرنے کے بعد رانی پدماوتی نے خلجی کے چنگل میں آنے سے پہلے ہی اپنے آپ کو آگ کے حوالے کر دیا تھا، کیونکہ خلجی رانی پدماوتی کی خوبصورتی پر فدا ہوگیا تھا۔بتا دیں کہ راجپوت کرنی سینا کے بڑھتے ہوئے احتجاج کے درمیان حکومتیں ہاتھ کھڑی کرتی نظر آرہی ہیں۔پہلے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے مدھیہ پردیش میں فلم کے ریلیز ہونے پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔ راجستھان کی وزیر اعلی وسندھرا راجے بھی کہہ چکی ہیں کہ بغیر ضروری تبدیلیوں کے پدماوتی راجستھان میں ریلیز نہیں ہو سکتی۔


Share: